لاہور (اے بی این نیوز )لاہور میں پنجاب حکومت نے بیواؤں اور یتیم بچوں کی مالی مدد کے لیے ایک نیا فلاحی پروگرام متعارف کرایا ہے جس کے تحت رحمت کارڈ کے ذریعے مستحق خاندانوں کو مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔ حکومتی حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ایسے خاندانوں کی مدد کرنا ہے جو اپنے کفیل سے محروم ہو چکے ہیں اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس پروگرام کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دی گئی ہے جس کے تحت بیوہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ یتیم بچوں کو پچیس ہزار روپے فی بچہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے ابتدائی مرحلے میں پچاس ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق اس منصوبے کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو معاشی تحفظ فراہم کرنا، ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد دینا اور سماجی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ اس پروگرام میں ایک جدید ڈیجیٹل نظام استعمال کیا جائے گا تاکہ مالی امداد کی تقسیم میں مکمل شفافیت برقرار رہے اور رقوم کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رحمت کارڈ کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار بھی آسان رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اہل افراد تین مختلف طریقوں سے درخواست دے سکتے ہیں۔
پہلا طریقہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے درخواست دینا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس اسکیم کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے۔دوسرا طریقہ آن لائن ویب پورٹل کے ذریعے درخواست دینا ہے جہاں امیدوار مطلوبہ معلومات فراہم کر کے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔تیسرا طریقہ کال سینٹر سے رابطہ کرنا ہے جہاں شہریوں کو درخواست دینے کے طریقہ کار کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں :نیا فلاحی پروگرام،رحمت کارڈ،جا نئے حصول کیلئے کیسے اپلائی کر نا ہے















