نیو مری (اے بی این نیوز )نیو مری بازار میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بازار کے دونوں اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانا شروع کر دیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق نیو مری بازار میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم عارضی دکانیں، اسٹالز اور دیگر رکاوٹیں ختم کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس آپریشن کے دوران ضلعی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر موجود ہیں اور کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیو مری بازار کو جلد جدید طرز کے ماڈل بازار میں تبدیل کیا جائے گا جہاں صاف ستھرا ماحول، منظم دکانیں اور بہتر ٹریفک نظام فراہم کیا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد مری آنے والے سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور شہر کے حسن کو مزید بہتر بنانا ہے۔دوسری جانب مقامی تاجروں نے بھی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا ہے اور کئی دکاندار اپنی مدد آپ کے تحت دکانوں کے آگے قائم تجاوزات خود ہی ختم کر رہے ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بازار کو بہتر اور منظم بنایا جائے تو کاروبار میں بھی بہتری آئے گی۔
ضلعی حکام کے مطابق مری شہر میں بھی ہل سائیڈ سے ملحقہ بازاروں کی ری ماڈلنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مری اور نیو مری کے مختلف بازاروں کو مرحلہ وار ماڈل بازار میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے اور بازاروں کی ازسر نو تعمیر سے مری کا انفراسٹرکچر بہتر ہوگا اور سیاحوں کے لیے ایک منظم اور خوبصورت تجارتی ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں :تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات کا اعلان ،جا نئے کب سے کب تک سکول بند رہیں گے















