لاہور(اے بی این نیوز)حکومت پنجاب نے صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبائی حکومت نے عوامی سطح پر ڈرون کے استعمال پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ یونٹس ہر ضلع کے ڈی پی او کی سربراہی میں کام کریں گے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔
’قیامِ امن کی کاوشوں میں پنجاب ایک بار پھر پیش پیش ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ہر ضلع میں خصوصی ڈرون فلیٹس کی مدد سے فضائی نگرانی کے لیے اینٹی ڈرون یونٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ ساتھ ہی اینٹی ڈرون سسٹم بھی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اینٹی ڈرون سسٹم میں نصب جیمرز دشمن یا شرپسند عناصر کے ڈرونز کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے، اس اقدام کا مقصد فضائی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اور عوامی تحفظ کے لیے پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ جدید دور کے انسداد دہشت گردی کے تقاضوں اور صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، ہر ضلع کی ضرورت کے مطابق سرویلنس ڈرونز اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے، جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر حکومتِ پنجاب نے عوامی سطح پر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے، البتہ قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلیجنس ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ڈرون اڑانے پر عائد پابندی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں، ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں۔ایران طویل جنگ کے لیے تیار ہے، پاسداران انقلاب















