اسلام آباد(اے بی این نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ چیف کمشنر اسلام آباد علی رندھاوا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، جبکہ سیکریٹری داخلہ پیش نہ ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ سیکریٹری داخلہ کہاں ہیں اور واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر وزیر داخلہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ سیکریٹری داخلہ کو خط بھیجا گیا تھا لیکن تعاون نہیں کیا گیا، اور وزارت داخلہ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر نے حکم دیا کہ سیکریٹری داخلہ کو توہین کمیشن کا نوٹس جاری کیا جائے۔
کمیشن کے مطابق ڈی مارکیشن کے عمل کے لیے نوٹیفکیشن، اسلام آباد کا نقشہ اور یونین کونسل ممبران کی تعداد درکار ہے تاکہ حدبندی کا عمل شروع کیا جا سکے۔ چیف الیکشن کمشنر نے آئی سی ٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور واضح ٹائم لائن فراہم کریں، کیونکہ یہ انتخابات براہ راست آئی سی ٹی انتظامیہ کی ذمہ داری ہیں۔
کیس کی مزید سماعت اگلے منگل تک ملتوی کردی گئی ہے، اور چیف کمشنر اسلام آباد آئندہ سماعت پر پیشرفت سے کمیشن کو آگاہ کریں گے۔
مزید پڑھیں۔اسلام آباد پولیس کا کامیاب آپریشن، منظم کار چور گینگ کے 3 ارکان گرفتار















