اہم خبریں

ایران پر حملے افسوسناک،مقصد اسرائیلی اثر و رسوخ پاکستانی سرحد تک لانا ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد(اے بی این نیوز     )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران پر حالیہ حملوں کے پیچھے اصل مقصد خطے میں اسرائیلی اثر و رسوخ کو وسعت دینا ہے، حتیٰ کہ اسے پاکستانی سرحدوں تک لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں صیہونیت کو انسانیت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقتیں اس سوچ کی یرغمال بنتی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے معاہدے پر آمادگی ظاہر کی تھی، اس کے باوجود اس پر جنگ مسلط کی گئی۔ ان کے بقول اسرائیل کے قیام کے بعد سے اسلامی دنیا پر مسلط ہونے والی بیشتر جنگوں کے پس منظر میں صیہونی سوچ کارفرما رہی ہے، جس کے اثرات آج بھی مشرق وسطیٰ کی سیاست میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

وزیر دفاع نے ایران پر حملوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے اور جذباتی ردعمل سے داخلی استحکام متاثر ہو سکتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی بدولت ملک کی خودمختاری محفوظ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور اس کی جوہری طاقت ان افراد کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے ملک کو مضبوط دفاعی بنیاد فراہم کی۔ وزیر دفاع کے مطابق موجودہ حالات میں قومی اتحاد، تدبر اور حکمت عملی ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔

مزید پڑھیں :حکومت اور اپوزیشن میں پہلا رابطہ، اہم درخواست،جا نئے کیا اور کس نے کی

متعلقہ خبریں