اہم خبریں

100ے لیکر 5000تک کے نئے کرنسی نوٹ؟10 روپے کا نیا نوٹ یا سکہ،جا نئے تفصیلات

اسلام آباد (رضوان عباسی  ) پاکستان میں نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ جاری کرنے اور دس روپے کے بینک نوٹ کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل منعقد ہوگا جس میں مالیاتی نظام سے متعلق متعدد تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ کے اجرا سے متعلق سفارشات باقاعدہ طور پر کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کرلی گئی ہیں۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی کو ملکی کرنسی کے ڈھانچے کا جائزہ لینے اور اصلاحات کی تجاویز تیار کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔

حکام کے مطابق کمیٹی نے ایک سو، پانچ سو، ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ متعارف کرانے کی تجویز تیار کی ہے تاکہ کرنسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جاسکے اور جعلی نوٹوں کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ اس عمل میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تکنیکی مشاورت بھی شامل رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے لیے سات نکاتی ایجنڈا ترتیب دیا گیا ہے جس میں مالیاتی امور کے علاوہ حج پالیسی دو ہزار ستائیس تا تیس سے متعلق سمری بھی پیش کی جائے گی، جبکہ مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلے منظوری کے لیے اجلاس میں رکھے جائیں گے۔

دس روپے کے نوٹ کے بارے میں بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے دس روپے کا سکہ متعارف کرانے سے متعلق سفارشات طلب کی تھیں اور کمیٹی کو یہ ہدایت دی گئی تھی کہ وہ دس روپے کے بینک نوٹ کو مرحلہ وار ختم کرنے یا برقرار رکھنے کے حوالے سے جامع سفارش تیار کرے۔

کمیٹی نے اس امکان کا بھی جائزہ لیا ہے کہ کم مالیت کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے سے کرنسی کی عمر میں اضافہ ہوگا اور چھپائی کے اخراجات میں کمی آئے گی۔ تاہم حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر نئے نوٹ متعارف کرائے جاتے ہیں تو اس سے نہ صرف کرنسی نظام جدید ہوگا بلکہ مالیاتی شفافیت اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں :قطر پر ایران کے میزائل حملے،جا نئے کتنا جانی و مالی نقصان ہوا

متعلقہ خبریں