گلگت ( اے بی این نیوز )امن عامہ کو لاحق خدشات کے پیش نظر مختلف علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کے اعلانات جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ صوبائی حکومتوں نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری مشتاق احمد کے مطابق گلگت اور اسکردو میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ طلبہ، والدین اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
ضلعی انتظامیہ خیبر نے بھی تحصیل لنڈی کوتل کے سرحدی علاقوں میں سرکاری اسکول غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق نیا لائحہ عمل بعد میں جاری کیا جائے گا۔دوسری جانب حکومت پنجاب نے ممکنہ دہشتگردی کے خطرات اور امن عامہ کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں 7 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اجتماعات، جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق انٹیلیجنس رپورٹس میں حساس اجتماعات کو ممکنہ ہدف قرار دیا گیا ہے، جبکہ فرقہ وارانہ کشیدگی اور امن عامہ میں خلل کے خدشے کے باعث پیشگی اقدامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع پر پابندی نافذ العمل ہوگی۔
مزید پڑھیں :قائد اعظم یونیورسٹی آج بند ،جامعہ کراچی میں آج تدریسی عمل معطل















