اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑنے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کے خلاف جاری مؤثر جوابی کارروائیوں میں اب تک 72 کارندے ہلاک جبکہ 120 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں سرحد پار سے کی جانے والی مبینہ جارحیت کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔وزیر اطلاعات کے مطابق افغان طالبان رجیم کی 16 پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں جبکہ 7 پوسٹوں پر قبضہ بھی کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ دشمن کا ایک ایمونیشن ڈپو اور ایک بٹالین ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کارروائی کے دوران ایک سیکٹر ہیڈکوارٹر کے ساتھ ساتھ 36 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور بکتر بند گاڑیاں بھی نشانہ بنا کر تباہ کی گئیں۔ ان کے مطابق فورسز مکمل تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مزید جوابی کارروائیاں جاری ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی سلامتی اور سرحدی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دوسری جانب ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق ممکن نہیں ہو سکی ہے، جبکہ سرحدی صورتحال بدستور کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔















