اہم خبریں

مسائل کا پائیدار اور دیرپا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، امیر مقام

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    ) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کے مثبت رویے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کا پائیدار اور دیرپا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عملدرآمد کمیٹی معاہدے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے اور اس سلسلے میں پیش رفت جاری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر حکومت دونوں مشترکہ مطالبات پر عملدرآمد کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہیں اور عوامی مشکلات کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے پیش کیے گئے 37 مطالبات میں سے بیشتر پر پہلے ہی عملدرآمد ہو چکا ہے جبکہ باقی مطالبات پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ جلد از جلد انہیں مکمل کیا جائے۔انجینئر امیر مقام نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی مذاکرات کی میز پر واپس آئے تاکہ باقی ماندہ معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا:“مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا سب سے مؤثر راستہ ہیں۔ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں اور ہم ہر قسم کے تحفظات دور کرنے کے لیے بیٹھنے کو تیار ہیں۔”

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایسا ماحول پیدا کرنا چاہیے جس سے ریاست میں استحکام، ترقی اور عوامی ریلیف کو یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر نے ایکشن کمیٹی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ زیرِ التوا مسائل کے حل کے لیے بامعنی، مثبت اور تعمیری مذاکرات کا راستہ اختیار کرے تاکہ عوامی مفاد میں قابلِ عمل اور قابلِ قبول حل نکالا جا سکے۔

مزید پڑھیں :ٹی 20ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کا کپتان کون ہو گا،نام سامنے آگیا ،جا نئے

متعلقہ خبریں