لاہور( اے بی این نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں میت کو منتقل کرنے کے لیے مفت ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتال میں وفات کی صورت میں لواحقین سے فی کس ایک روپیہ بھی وصول کیے بغیر گاڑی فراہم کی جائے گی تاکہ غم کی گھڑی میں خاندانوں پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب عوام کو باعزت سہولتوں کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر اور شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کے لیے منصوبے جاری ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات اور اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بھی اصلاحات کا عمل جاری ہے، طلبہ کو وظائف دیے جا رہے ہیں اور وسائل نہ رکھنے والے نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی طالب علم مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر شہری کو باعزت سہولت، معیاری تعلیم اور صحت کی آسان رسائی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال کا عرصہ کم ہے اور کام بہت زیادہ، لیکن عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے اور دن رات عوام کے مسائل ان کی دہلیز تک حل کرنا ہی ان کا مشن ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کا مقصد پنجاب میں ایسی تاریخ رقم کرنا ہے جس سے عوام کے دلوں میں عزت اور محبت پیدا ہو۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں توفیق دے کہ ہر شہری کی زندگی میں آسانیاں اور خوشحالی لائی جا سکے۔
مزید پڑھیں :ای ٹیکسی سکیم کا آغاز ،خواتین کے روزگار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی،مریم نواز















