لاہور( اے بی این نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ای ٹیکسی حاصل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ای ٹیکسی سکیم کی کامیاب آغاز پر وہ اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خواتین کو باعزت روزگار فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور پنجاب میں خواتین کو کسی سے بھی خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ای ٹیکسی سکیم خواتین کے روزگار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی اور روایتی طور پر مردوں کے شعبے میں خواتین کی بااعتماد شمولیت سماجی تبدیلی کی علامت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکیم کے 30 فیصد سے زائد مستفید ہونے والے افراد خواتین ہیں جو معاشی خودمختاری کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ “پنک ٹیکسی” سروس خواتین کے لیے محفوظ اور باعزت سفری سہولت فراہم کرے گی جبکہ یہ ملک کی پہلی ماحول دوست اور خواتین کے لیے محفوظ ٹیکسی سکیم ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے میں اساتذہ، ماہرینِ نفسیات اور سنگل ماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل ہیں، جو اس سکیم کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کر رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ٹرانسپورٹ بلکہ ماحولیاتی بہتری اور عوامی سہولت کا سنگم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے پہلے مرحلے میں 1100 گاڑیاں سکیم میں شامل کی ہیں اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں یہ گاڑیاں جلد عوامی استعمال کے لیے دستیاب ہوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ گرین بسز کی کامیابی کے بعد یہ منصوبہ ملک میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک مثال بن گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے شہری اور بزرگ سستے اور محفوظ سفر کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں شہری ٹوٹی پھوٹی بسوں اور ناقص گاڑیوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ای ٹیکسی سکیم خواتین کو نہ صرف باعزت روزگار فراہم کرے گی بلکہ محفوظ اور معیاری سفری سہولت بھی مہیا کرے گی، جس سے خواتین کا اعتماد بڑھے گا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
مزید پڑھیں :سونا سستا ہو گیا















