راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) راولپنڈی میں آج ایک بڑا ریلوے حادثہ پیش آیا جب گرین لائن ایکسپریس کا خالی ریک پٹری سے اتر گیا اور متعدد بوگیاں ڈی ریل ہو گئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی اور ریلوے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ذرائع کے مطابق ٹریک کی خستہ حالی اور ٹرین کی تیز رفتاری کو حادثے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب خالی ریک اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک انجن، پاور پلانٹ اور چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے باعث اپ سائیڈ لائن مکمل طور پر بند ہو گئی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گرین لائن حادثے کے بعد ڈاؤن سائیڈ مین لائن کو ٹریفک کے لیے کلیئر رکھا گیا ہے تاکہ آمد و رفت کا سلسلہ مکمل طور پر متاثر نہ ہو۔ تاہم مسافروں کو تاخیر اور شیڈول میں تبدیلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کو باضابطہ آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ ٹریک کی بحالی اور بوگیوں کو دوبارہ پٹری پر چڑھانے کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کی صحت، اہم بیان سامنے آگیا ،جا نئے کیا















