اسلام آباد(اے بی این نیوز) حکومتِ پاکستان نے رمضان المبارک 2026 کے موقع پر شہریوں کے لیے وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج کی اہلیت جانچنے کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے۔ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کی قیادت میں نیشنل آئی ٹی بورڈ (NITB) نے ایک خصوصی آن لائن پورٹل اور موبائل ایپ تیار کی ہے جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے اپنی اہلیت کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق شہری ویب پورٹل(http://www.pmrrp.nitb.gov.pk) پر جا کر یا پاک ایپ (PAK App) کے ذریعے وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج 2026 میں شمولیت کے لیے اپنی معلومات درج کر کے فوری طور پر اہلیت جانچ سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور عوام کو آسان اور تیز تر سہولت فراہم کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام متعارف کروانے سے درخواست دہندگان کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور پورا عمل ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیا جا سکے گا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ درست معلومات فراہم کریں تاکہ اہلیت کی تصدیق بروقت اور درست انداز میں ہو سکے۔

وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت عوامی سہولیات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کے ذریعے مستحق افراد کو مالی معاونت فراہم کر کے مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دی جائے گی۔
مزید پڑھیں۔اہلیہ سے کہا ہے دوسری شادی کرلیتا ہوں تمہارا ہاتھ بٹ جائے گا، عبدالرزاق















