اہم خبریں

مریم نواز کےانقلابی اقدامات،پنجاب میں پیف ٹیک اور اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور (اے بی این نیوز  ) پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں پیف ٹیک قائم کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اسسمنٹ سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں پیف ٹیک کے قیام اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پیف ٹیک کے ذریعے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈیٹا کو یکجا کر کے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تجزیہ کیا جائے گا تاکہ جرائم کی بروقت روک تھام اور مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔ وزیراعلیٰ کو صوبے میں سکیورٹی اقدامات، انٹیلی جنس شیئرنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران پنجاب میں پہلی مرتبہ اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کی باقاعدہ منظوری وزیراعلیٰ مریم نواز نے دے دی۔ حکام کے مطابق یہ یونٹ حساس تنصیبات، عوامی اجتماعات اور اہم مقامات کی فضائی نگرانی کے لیے جدید آلات سے لیس ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں فوری طور پر سائبر کرائم سیل قائم کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ آن لائن جرائم، سوشل میڈیا سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں اور ڈیجیٹل فراڈ کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل کومبنگ آپریشن جاری رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں :سولر نیٹ میٹرنگ،صارفین کے حق میں فیصلہ،پرانے نیپرا قوانین کے مطابق بلنگ جاری رکھنے کا حکم

متعلقہ خبریں