اہم خبریں

عیدالفطر کے چاند سے متعلق پیشگوئی کر دی گئی،جا نئے کس تاریخ کو نظر آئیگا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز       )محکمہ موسمیات پاکستان نے عیدالفطر 1447 ہجری کے چاند سے متعلق فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق شوال کا نیا چاند 19 مارچ 2026 کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کو غروب آفتاب کے وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند کی عمر تقریباً 12 سے 13 گھنٹے ہوگی جو سائنسی اعتبار سے رویت کے لیے موزوں نہیں سمجھی جاتی کیونکہ عام طور پر آنکھ سے چاند دیکھے جانے کے لیے اس کی عمر اور بلندی کا مناسب ہونا ضروری ہوتا ہے۔

چاند اور سورج کے زاویائی فاصلہ اور افق پر بلندی بھی 19 مارچ کی شام کو ایسی نہیں ہوگی کہ واضح طور پر رویت ممکن ہو سکے، اسی لیے ماہرین نے اس روز چاند نظر آنے کے امکانات کو انتہائی کم قرار دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سے موصول ہونے والے موسمی و فلکیاتی ڈیٹا کی روشنی میں یہ رائے قائم کی گئی ہے تاہم حتمی فیصلہ شرعی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

عیدالفطر کے چاند کی باقاعدہ اور شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی جو ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور ماہرین کی رائے کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ سنائے گی۔ ذرائع کے مطابق اگر 19 مارچ کو چاند نظر نہ آیا تو رمضان المبارک کے 30 روز مکمل ہونے پر عیدالفطر 21 مارچ 2026 کو متوقع ہو سکتی ہے، تاہم اس کا انحصار باقاعدہ اعلان پر ہوگا۔

مزید پڑھیں :مسلمانوں کیخلاف مودی اور نیتن یاہو کے ممکنہ اتحاد کیخلاف سینیٹ میں متفقہ قراداد منظور

متعلقہ خبریں