راولپنڈی(اے بی این نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان و دیگر کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمہ کی سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے علیمہ خان اور ان کے وکیل کی مسلسل عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایک مرتبہ پھر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ علیمہ خان کے دو ضامنوں کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اپنایا کہ ملزمہ علیمہ خان جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں، وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود ملزمہ عدالت پیش نہیں ہو رہیں، وکلاء صفائی کی جانب سے بار بار التوا مانگ کر عدالتی کارروائی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ ٹرائل آخری مراحل میں ہے اور استغاثہ کے دو گواہان پر جرح ہونا ابھی باقی ہے تاہم ملزمہ عدالتی کارروائی میں تعاون نہیں کر رہیں۔
بعدازاں عدالت نے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے لیے پولیس کو احکامات دیتے ہوئے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ کی مزید سماعت کل بروز منگل تک ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں۔ماسکو میں ریلوے اسٹیشن کے باہر بم دھماکہ، 2 افراد ہلاک















