راولپنڈی ( اے بی این نیوز )راولپنڈی میں رکن صوبائی اسمبلی سلمیٰ بٹ نے رمضان سہولت بازاروں کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم آمدن والے طبقے پر اضافی بوجھ نہیں پڑنے دیا جائے گا اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
سلمیٰ بٹ نے بتایا کہ رمضان پیکیج اور نگہبان کارڈ گھر گھر تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ مستحق خاندان براہ راست فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کے مطابق راولپنڈی میں چالیس ہزار گھرانوں کو دس، دس ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں اور یہ تمام عمل ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں شفاف انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے سہولت بازاروں کو نگہبان بازار سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر ایک ہی جگہ دستیاب ہوں۔ سبزی، فروٹ اور دالیں دس فیصد کم نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ مرغی کا گوشت بھی سرکاری ریٹ سے کم قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
سلمیٰ بٹ کے مطابق روزانہ چھ سے سات ہزار افراد رمضان بازاروں سے خریداری کر رہے ہیں اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ معیار اور قیمتوں میں کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں :رمضان ٹرانسمیشن میں فضا علی اور ڈاکٹر نبیہ علی خان کا جھوٹا ڈرامہ بے نقاب،مبینہ آڈیو لیک سے انکشاف















