لاہور (اے بی این نیوز ) پنجاب بھر میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے حوالے سے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسداد منشیات نے صوبے کی ٹریفک پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ ذاتی طور پر تیار کردہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے شہریوں پر جرمانہ عائد نہ کیا جائے، بشرطیکہ نمبر پلیٹس پنجاب کے منظور شدہ ڈیزائن اور فارمیٹ کے مطابق ہوں۔
محکمہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ معمول کی روڈ چیکنگ کے دوران بعض افسران گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان سے حکومت کی جانب سے جاری کردہ اصل نمبر پلیٹس طلب کر رہے تھے اور بعض صورتوں میں اسی بنیاد پر جرمانے بھی کیے جا رہے تھے، جس پر وضاحت جاری کرنا ضروری سمجھا گیا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی تیار کردہ نمبر پلیٹس کے اجرا کے لیے اب کوئی فیس وصول نہیں کی جا رہی اور لائسنس شدہ نمبر پلیٹس کی مرکزی پیداوار بھی ختم کر دی گئی ہے۔ شہری اب کسی بھی نجی وینڈر سے نمبر پلیٹس حاصل کر سکتے ہیں، تاہم لازمی ہے کہ پلیٹس پنجاب کے منظور شدہ فارمیٹ اور وضاحتوں کے عین مطابق ہوں۔
ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ چیکنگ کے دوران صرف یہ تصدیق کی جائے کہ نمبر پلیٹ منظور شدہ فارمیٹ پر پوری اترتی ہے یا نہیں۔ شہریوں سے حکومت کی تیار کردہ اصل نمبر پلیٹ طلب نہیں کی جا سکتی کیونکہ اس کا مرکزی اجرا بند کیا جا چکا ہے۔
محکمہ نے تاکید کی ہے کہ نجی وینڈرز کی تیار کردہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے گاڑی مالکان کو کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور منظور شدہ ڈیزائن پر پورا اترنے کی صورت میں ان پر جرمانہ عائد نہ کیا جائے۔
مزیدپڑھیں :پولیس کا ون ویلرز کیخلاف آپریشن،متعدد موٹر سائیکلوں سمیت تھانہ بند















