اسلام آباد (اے بی این نیوز ) تھانہ بہارہ کہو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بہارہ کہو بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے والے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران کئی لڑکوں کو موٹر سائیکلوں سمیت حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔
ایس ایچ او تنویر مکسی کا کہنا ہے کہ کم عمر اور نوجوان بچوں کا اس طرح موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کرنا انتہائی خطرناک عمل ہے جو کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شیطانی کھیل میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا اندیشہ رہتا ہے، اس لیے پولیس ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے گی۔
ایس ایچ او کے مطابق اب کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطرناک رجحان کو روکنے کے لیے والدین کا تعاون ناگزیر ہے تاکہ نوجوانوں کو حادثات اور قانونی کارروائی سے بچایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :ایران ڈٹ گیا،ٹرمپ پریشان















