پشین (اے بی این نیوز )پشین میں سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد پولیس لائن اور کیڈٹ کالج پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، دہشتگردوں کے زیر استعمال گاڑی سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، جس سے ان کے مذموم عزائم کی نشاندہی ہوتی ہے، حکام کے مطابق بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشین میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی بلوچستان کی کارکردگی کو سراہا، انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر ان کے مذموم عزائم ناکام بنائے، سیکیورٹی ادارے ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
حکام کے مطابق علاقے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سہولت کار یا فرار ہونے والے عناصر کو گرفتار کیا جا سکے، سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :چار سدہ سے خبر غم،جا نئے کتنے لوگ موت کے منہ میں چلے گئے















