اہم خبریں

میٹرک اور ایف اے فیل طلبا کیلئے حکومت کا بڑا اعلان،مفت اسکل کورسز بارے کیسے معلومات حاصل کریں ،جا نئے

اسلام آباد (اے بی این نیوز     ) حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں فیل یا کمپارٹمنٹ آنے والے طلبہ کے لیے مفت اسکل ٹریننگ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے، اس اقدام کا مقصد ایسے نوجوانوں کو عملی مہارتیں فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں اور مایوسی کا شکار ہونے کے بجائے ہنر کے ذریعے اپنے مستقبل کو سنوار سکیں۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق تعلیمی بورڈز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ فیل ہونے والے طلبہ کو ایس ایم ایس کے ذریعے مفت اسکل کورسز کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں، حکام کا کہنا ہے کہ بہت سے طلبہ امتحانات میں ناکامی کے بعد تعلیم ترک کر دیتے ہیں، اس پروگرام کے ذریعے انہیں متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا۔

اسکلز ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں مفت تربیت فراہم کرے گا، جن میں ٹیکنیکل، آئی ٹی، فری لانسنگ، ووکیشنل اور دیگر ہنر مندانہ کورسز شامل ہوں گے، طلبہ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے اپنی پسند کے کورس میں داخلہ لے سکیں گے۔

حکام نے تعلیمی بورڈز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اس پروگرام کی بھرپور تشہیر کریں اور اس کے نفاذ سے متعلق باقاعدہ رپورٹس جمع کروائیں، متعلقہ اداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ اس منصوبے کو اعلیٰ ترجیح دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر باعزت روزگار کے قابل بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں :مین ہول کورز، سٹریٹ لائٹس اور دیگر عوامی تنصیبات کو نقصان پہنچانے یا چوری کرنے والوں کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان

متعلقہ خبریں