اہم خبریں

خصوصی رمضان ریلیف پیکج ،13 ہزار روپے کی مالی امداد کی تقسیم کا آغاز ،اپنی اہلیت چیک کریں

اسلام آباد (اے بی این نیوز     ) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے رمضان المبارک 2026 کے موقع پر خصوصی رمضان ریلیف پیکج کے تحت 13 ہزار روپے کی مالی امداد کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مہنگائی سے متاثرہ غریب اور مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مقدس مہینے میں اشیائے خورونوش بآسانی خرید سکیں اور بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔

حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس پیکج کے تحت ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ 21 لاکھ خاندانوں کو فی خاندان 13 ہزار روپے نقد مالی امداد دی جائے گی، امدادی رقم بلا تفریق مستحقین تک پہنچائی جائے گی اور اس عمل کو مکمل طور پر شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام اختیار کیا گیا ہے، حکام کے مطابق رقم کی منتقلی براہ راست بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس میں کی جائے گی تاکہ کسی قسم کی کرپشن یا کٹوتی کا خدشہ نہ رہے۔

حکومت پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے سماجی تحفظ کے پروگراموں میں شامل افراد کو علیحدہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، ایسے خاندان جو پہلے ہی سرکاری ڈیٹا بیس میں موجود ہیں انہیں خودکار طریقے سے اس پیکج میں شامل کر لیا جائے گا، بالخصوص بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کے لیے بھی 10 ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی گئی ہے تاکہ انہیں مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی خاندان خود کو مستحق سمجھتا ہے لیکن اس کا اندراج سرکاری ریکارڈ میں موجود نہیں تو وہ متعلقہ دفاتر یا آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی معلومات کی تصدیق کروا سکتا ہے، مستحقین کی نشاندہی ایک شفاف اور منظم طریقہ کار کے تحت کی جائے گی تاکہ اصل حقداروں تک امداد کی رقم پہنچ سکے۔

اس سال ماضی کے برعکس یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی دینے کے بجائے براہ راست مالی امداد کی پالیسی اپنائی گئی ہے، حکومتی مؤقف کے مطابق سابقہ نظام میں طویل قطاروں، ناقص اشیائے خوردونوش اور شکایات کی وجہ سے مستحق افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، نئے نظام کے تحت مستحق خاندان کو اطلاع موصول ہونے کے بعد وہ اپنی رقم منظور شدہ بینک یا مراکز سے حاصل کر سکیں گے۔

ادائیگی کے شفاف اور محفوظ نظام کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے باقاعدہ طریقہ کار جاری کیا ہے، جس کے تحت رقوم کی منتقلی کو تیز، محفوظ اور مؤثر بنایا گیا ہے، حکام کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ مستحقین کی عزت نفس کا بھی خیال رکھا جا سکے گا۔

حکومت کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ویب پورٹل کے ذریعے اپنے گھرانے کی اہلیت چیک کریں
‪pmrrp.nitb.gov.pk

اور کسی بھی غیر مصدقہ لنک یا معلومات پر انحصار نہ کریں، امدادی رقم صرف مستحق اور رجسٹرڈ خاندانوں کو فراہم کی جائے گی۔

مزید پڑھیں :افغانستان میں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا، لاکھوں بچوں کی زندگیاں خطرے میں

متعلقہ خبریں