اہم خبریں

اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی، ایم کیو ایم رکن کی رکنیت معطل

کراچی (اے بی این نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی پر اویس قادر شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن انجینئر عثمان کی رکنیت معطل کر دی۔

اسمبلی اجلاس کے دوران شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی پر اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کے نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایم پی اے عثمان کی رکنیت معافی مانگنے تک معطل رہے گی۔

اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن رانا شوکت کی جانب سے سنگین الزامات بھی عائد کیے گئے۔ رانا شوکت نے دعویٰ کیا کہ انہیں قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے ساتھی رکن شارق جمال نے انہیں دھمکی دی اور کہا کہ “باہر نکلو، دیکھتے ہیں۔” رانا شوکت کے مطابق انہیں اقبال محسود کی جانب سے بھی دھمکیاں دی گئیں۔

اسپیکر اویس قادر شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اور ایوان کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ رولنگ کے بعد ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او سندھ اسمبلی بھی ایوان پہنچ گئے۔

یاد رہے کہ اجلاس کے دوران پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث ایوان میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد اسپیکر نے کارروائی آگے بڑھانے کے لیے سخت اقدامات کیے۔
مزید پڑھیں‌:المناک ٹریفک حادثہ ، 18 افراد جان سے گئے

متعلقہ خبریں