اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) راولپنڈی اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سمیت ملک کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پشاور، مالاکنڈ، سوات، مردان اور گردونواح میں رہائشی اور دفتری عمارتوں کے لوگ گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے محفوظ جگہ کی تلاش میں مصروف ہو گئے۔
زلزلے کے جھٹکے باجوڑ، شانگلہ، پاراچنار، لوئردیر اور چترال میں بھی محسوس کیے گئے۔ غیر روایتی طور پر زلزلے کے اثرات سرگودھا، اسلام آباد اور راولپنڈی تک بھی محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں شدید خوف پایا گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی اور یہ جھٹکے صبح 6 بج کر 10 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی گہرائی 73 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا۔
عوام کی جانب سے فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب رُخ کیا گیا اور انتظامیہ نے بھی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری تصدیق نہیں ہوئی، تاہم اہل علاقہ محتاط رہنے کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔















