اہم خبریں

احسن اقبال اداکارہ شبنم کے مداح نکلے،ڈھاکہ میں ملاقات

ڈھاکہ ( اے بی این نیوز        ) ڈھاکہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے ثقافتی تعلقات کے تناظر میں ایک خوشگوار اور یادگار ملاقات ہوئی، جب وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ماضی کی معروف و مقبول اداکارہ شبنم سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کا مستقبل نئی نسل کی اُمیدوں، خوابوں اور اُمنگوں سے جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ماضی کی مشترکہ تاریخ اور فنونِ لطیفہ کے رشتے آئندہ نسلوں تک منتقل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکار سرحدوں کے پابند نہیں ہوتے اور ثقافت دلوں کو جوڑنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔

اس موقع پر شبنم نے بتایا کہ وفاقی وزیر نے ملاقات کے لیے خود رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ طبیعت ناساز ہونے کے باوجود انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پاکستان سے ایک اہم شخصیت ان سے ملنا چاہتی ہے، جس پر وہ پاکستانی سفارتخانے پہنچیں۔ شبنم کے مطابق ملاقات نہایت خوشگوار اور بامعنی رہی، جس میں ماضی کی فلمی یادوں سے لے کر موجودہ سماجی و ثقافتی صورتحال تک مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

شبنم نے یہ بھی بتایا کہ احسن اقبال نے انہیں بتایا کہ وہ بچپن سے ان کے مداح رہے ہیں اور ان کی کئی فلمیں سنیما گھروں میں دیکھ چکے ہیں۔ اس اعتراف پر ملاقات کا ماحول مزید خوشگوار ہوگیا اور دونوں شخصیات نے فن، ثقافت اور باہمی احترام کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں :عمران خان کیخلاف ٹرائل کورٹ کو مزید کارروائی سے روک دیا گیا،اہم شخصیت کو نوٹس جاری،جواب طلب،جا نئے تفصیل

متعلقہ خبریں