اہم خبریں

اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ متعارف کرانے ، ہر سرکاری سکول کو ’’سیف اینڈ کلین زون‘‘ بنانے کا فیصلہ

لاہور ( اے بی این نیوز    )لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اسکول ایجوکیشن سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری اسکولوں کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں حکام نے تعلیمی اصلاحات، آؤٹ سورسنگ پروگرام، انفراسٹرکچر کی بہتری اور طلبہ کی فلاح سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے سرکاری اسکولوں کو نجی اداروں سے بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ کے لیے پروفیشنل ڈریس کوڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کا باوقار اور پیشہ ورانہ انداز تعلیمی ماحول پر مثبت اثر ڈالے گا۔ اسی طرح اسکولوں کو سیف اینڈ کلین زون بنانے کے لیے صفائی اور سیکیورٹی کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ عالمی شہرت یافتہ پروگرام ستھرا پنجاب پروگرام کو سرکاری اسکولوں میں نافذ کرنے اور صفائی کی سروسز حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

طلبہ اور اساتذہ کے تحفظ کے لیے سرکاری اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ پہلی مرتبہ ڈسٹنس لرننگ اور آڈیو ویژول لرننگ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ نئے امتحانی گریڈ سسٹم کے تحت پندرہ مارچ سے امتحانات شروع ہوں گے اور اکتیس مارچ کو نتائج جاری کیے جائیں گے۔ آن لائن پیپر چیکنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب پبلک اسکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت آؤٹ سورسنگ فیز فور کی منظوری دے دی گئی ہے اور اسکول امپروومنٹ کارڈ متعارف کرایا جائے گا۔ بریفنگ کے مطابق آؤٹ سورسنگ کے بعد اسکولوں میں انرولمنٹ میں آٹھ سو فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فیز ون کی تکمیل پر انرولمنٹ میں ایک سو چودہ فیصد جبکہ فیز ٹو کے بعد چوبیس فیصد اضافہ ہوا۔ اساتذہ کی تعداد میں فیز ون کے دوران چالیس فیصد اور فیز ٹو میں چھیالیس فیصد اضافہ رپورٹ ہوا۔

انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے بتایا گیا کہ پانچ سو چالیس اسکولوں میں آٹھ سو چھیاسٹھ نئے کلاس روم تعمیر کیے گئے جبکہ نو ہزار سے زائد کمروں کی تعمیر و مرمت کی گئی۔ پانچ ہزار سے زائد کلاس رومز کی مرمت، ستائیس لاکھ مربع فٹ سے زائد چار دیواری کی تعمیر و بحالی اور پانچ ہزار سے زائد ٹائلٹس کی تعمیر و مرمت مکمل کی گئی۔ آٹھ ہزار نو سو گیارہ اسکولوں میں پینٹ ورک مکمل کیا گیا۔ بیس آؤٹ سورس اسکولوں کو میٹرک اور دو ہزار دو سو انیس اسکولوں کو ایلیمنٹری سطح تک اپ گریڈ کیا گیا۔ ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد نئے فرنیچر سیٹ فراہم کیے گئے جبکہ ہزاروں واٹر ٹینک اور واٹر کولر بھی نصب کیے گئے۔

تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تین سو چوالیس اسکولوں میں بیالیس ہزار سے زائد طلبہ اور تین ہزار سے زائد اساتذہ کے لیے سپوکن کلاسز جاری ہیں جبکہ پانچ لاکھ طلبہ تک اس پروگرام کو وسعت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مزید برآں تیرہ اضلاع میں گیارہ لاکھ سے زائد طلبہ کے لیے اسکول میل پروگرام بھی جاری ہے۔ مارچ تک ایک سو چالیس نواز شریف اسکول آف ایمی ننس فعال ہونے کی بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کوشش ہے ہر بچہ سرکاری اسکول میں معیاری تعلیم حاصل کرے اور سرکاری اسکول کا معیار ایسا بنایا جائے کہ والدین بلا جھجھک اپنے بچوں کا داخلہ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر اسکول کی حالت بہتر بنانا ان کی ذمہ داری ہے اور تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں :ایپسٹین کے نیٹ ورک کا برطانوی شہزادہ بھی شکار،پولیس نے گرفتار کر لیا،جا نئے وجہ

متعلقہ خبریں