اہم خبریں

نیٹ میٹرنگ،وفاقی وزیر کا اہم اقدام سامنے آگیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیرِ پاور سردار اویس لغاری نے نیٹ میٹرنگ درخواستوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے 8 فروری تک جمع کروائی گئی تمام درخواستوں کو پرانے ریگولیشنز کے تحت پراسس کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد نیٹ میٹرنگ سے متعلق پیدا ہونے والے ابہامات کو ختم کرنا اور درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا ہے کہ 8 فروری تک جمع ہونے والی نیٹ میٹرنگ درخواستوں پر سابقہ قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جس کے تحت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے-الیکٹرک کو نیٹ میٹرنگ کی سہولت فراہم کرنا ہوگی۔ اس حوالے سے تمام ڈسکوز کو فوری طور پر عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق اس وقت ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں، جن میں کے-الیکٹرک بھی شامل ہے، کے پاس مجموعی طور پر 5165 نیٹ میٹرنگ درخواستیں 8 فروری تک جمع ہو چکی ہیں۔ ان درخواستوں کے تحت تقریباً 250.822 میگاواٹ اضافی بجلی کی صلاحیت نیشنل گرڈ میں شامل ہونے کی توقع ہے، جو توانائی کے شعبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر پاور کے اس فیصلے سے نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے موجود غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے اور صارفین کو شفاف انداز میں درخواستوں کی پراسیسنگ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور منظوری کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

سردار اویس لغاری نے بجلی صارفین سے اپیل کی ہے کہ اگر نیٹ میٹرنگ سے متعلق کسی قسم کی شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ ہیلپ لائن 188 پر رابطہ کریں تاکہ فوری طور پر ان کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔ یہ اقدام قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور صارفین کے اعتماد کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں۔ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی کا مستعفی ہونے کا اعلان

متعلقہ خبریں