لاہور (اے بی این نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں مخالفین کو پھنسانے کے لیے باپ نے اپنے 5 سالہ بیٹے کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق پانچ سالہ اذان نامی بچہ چند روز قبل لاہور کے علاقہ چوہنگ سے اغواء ہوا تھا جس کا بچے کی والدہ کے بیان پر تھانہ چوہنگ میں درج کیا گیا تھا، اغواء کے بعد بچے کی نعش کاہنہ کے علاقہ سے ملی، بچے کو تیز دار آلے سے قتل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے تحقیقات میں شک گزرنے پر بچے کے باپ کو گرفتار کیا، دوران تفتیش ملزم اعظم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا، اغواء اور قتل کی واردات میں ملزم کے ساتھ ایک اور ملزم بھی ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اعظم نے پولیس کو دوران تفتیش اعترافی بیان میں کہا کہ میں نے مخالفین کو پھنسانے کے لیے اپنے حقیقی بیٹے کو قتل کیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے ذاتی دشمنی اور پرانی رنجش کے باعث یہ سنگین قدم اٹھایا تاکہ مخالفین کو ایک سنگین مقدمے میں پھنسایا جا سکے، ملزم نے واردات کو اغواء کا رنگ دینے کی کوشش کی تاکہ شک مخالفین پر جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرے مبینہ شریک ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد مزید اہم انکشافات متوقع ہیں، ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور چالان مکمل کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واقعہ پر اہلِ محلہ اور رشتہ داروں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، شہری حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
مزید پڑھیں۔ترلائی امام بارگاہ حملہ: جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم















