اسلام آباد (اے بی این نیوز ) قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا کہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق بیشتر انتظامات شہباز احمد سینئر نے کیے جبکہ آسٹریلیا میں پاکستانی کمیونٹی نے ذاتی وسائل سے کھلاڑیوں کی مدد کی۔ انہوں نے کمیونٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
عماد شکیل بٹ نے سوال اٹھایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کا بجٹ کہاں خرچ ہوا اور کیوں کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات تک خود سنبھالنا پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے اور اعلیٰ حکام کے سامنے تمام صورتحال رکھ دی گئی ہے، جہاں تحقیقات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا دورے میں غیر یقینی صورتحال نے کھلاڑیوں کے مورال اور تیاری کو متاثر کیا، حتیٰ کہ کچھ کھلاڑی ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے۔ روانگی سے پہلے مکمل واجبات ادا نہیں کیے گئے اور مالی معاملات میں تاخیر مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن اور ٹیم مینجمنٹ کی کوتاہیوں پر بروقت آواز اٹھانا چاہیے تھی اور اب وقت آ گیا ہے کہ ذمہ داران اپنے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کریں۔
اے بی این نیوز کے پروگرام ’’سوال سے آگے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان قومی ہاکی ٹیم نے کہا کہ مشکل حالات میں ٹیم کو فوکس رکھنا ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم ایسے حالات میں بھی کھلاڑیوں نے حوصلہ نہیں ہارا اور ملک کی نمائندگی کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ ضرور کھیلے گی، مگر عالمی سطح کی ٹاپ ٹیموں کے خلاف مؤثر کارکردگی کے لیے مکمل سرکاری سرپرستی اور سہولیات ناگزیر ہیں۔















