راولپنڈی (اے بی این نیوز )راولپنڈی میں قاسم آباد بازار کے قریب تہرے قتل کی واردات پیش آئی جہاں فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک مرد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ اچانک پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ مبینہ طور پر گھریلو تنازع پر جرگے کے دوران ہوئی۔ تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ فائرنگ کرنے والے شخص کا تاحال سراغ نہیں مل سکا اور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
راولپنڈی میں دو خواتین سمیت تین افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او راولپنڈی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سنگین واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور تفتیش کو میرٹ پر مکمل کیا جائے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں :ایران کیخلاف پھر اعلان جنگ، فوجی آ پریشن قریب،امریکی میڈیا کا دعویٰ















