اسلام آباد (اے بی این نیوز)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران سحر اور افطار کے اوقات میں ملک کے کسی بھی علاقے میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح روزہ داروں کو سہولت فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق حتیٰ کہ وہ فیڈرز جو عموماً نقصانات یا دیگر تکنیکی وجوہات کی بنا پر لوڈ مینجمنٹ کا شکار رہتے ہیں، ان پر بھی سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ تمام فیڈرز کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے بجلی کی ترسیل اور فراہمی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی خرابی یا تعطل کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شکایات کے ازالے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور فیلڈ اسٹاف کو مکمل طور پر الرٹ رکھا جائے۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بھی گیس فراہمی کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سحر اور افطار کے اوقات میں گیس پریشر برقرار رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے باہمی مشورے سے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
علی پرویز ملک کے مطابق روزانہ صبح 3 بجے سے رات ساڑھے 11 بجے تک گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ پریشر کو متوازن رکھنے کے لیے تکنیکی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو بجلی اور گیس کی فراہمی میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے تاکہ عبادات اور روزمرہ امور بلا رکاوٹ انجام دیے جا سکیں۔
مزید پڑھیں :بڑی سیا سی بیٹھک،صدر زرداری نے کایا پلٹ دی،عدم اعتماد لانےکا عندیہ















