اسلام آباد (اوصاف نیوز) پاکستان کسٹمز حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی سے آنے والی ایئر بلیو کی پرواز PA-217 سے کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کر لیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 6 سے زائد مبینہ اسمگلرز سے مہنگے موبائل فونز، چاندی، آئی پیڈز اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سامان غیر قانونی طور پر ملک میں لانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ کلیکٹر کسٹمز کی جانب سے سخت نگرانی کے باوجود “کھیپا” کے ذریعے سامان کلیئر کروانے کی کوششیں مسلسل جاری تھیں۔ دبئی سے آنے والی اس ایک ہی پرواز میں 6 سے زائد کھیپا لانے والے افراد کی نشاندہی کی گئی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پرواز کی تاخیر سے لینڈنگ اور شفٹ کی تبدیلی کے باعث کسٹمز حکام کو مشتبہ سرگرمیوں پر فوری کارروائی کا موقع ملا، جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان پکڑا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے پر اعلیٰ حکام کی جانب سے انکوائری شروع کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔















