لاہور (اے بی این نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مریم نواز کے راشن کارڈ اور نگہبان رمضان پروگرام کے تحت ماہ رمضان کے لیے محنت کشوں میں 10 ہزار روپے کی مالی معاونت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے ہی روز دو ارب روپے مستحق محنت کشوں میں تقسیم کیے گئے۔کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل نے راشن کارڈ کی تقسیم اور مالی امداد کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی دورے کیے۔
انہوں نے لاہور سٹی اور شاہدرہ میں سوشل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کا دورہ کیا اور ورکرز کی بائیو میٹرک تصدیق کا معائنہ کیا تاکہ امدادی رقوم کی شفاف اور بروقت تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ صنعتی علاقوں میں قائم مختلف یونٹس کا بھی دورہ کیا گیا اور ورکرز کی بائیو میٹرک تصدیق کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہ یقینی بنایا جائے گا
کہ امدادی رقم شفاف انداز میں مستحق افراد تک پہنچے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بائیو میٹرک سسٹم کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ نگہبان رمضان پروگرام کے تحت آئندہ دنوں میں بھی مستحق محنت کشوں میں امدادی رقوم اور راشن کارڈز کی تقسیم جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں :حکومت نے عمران خان کو بیرون ملک بھیجنے کا عندیہ دیدیا،جا نئے تفصیلات















