اہم خبریں

بانی پی ٹی آئی کی صحت بارے حکومت اور پارٹی قیادت کے درمیان اہم پیش رفت

اسلام آباد (اے بی این نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف کی صحت سے متعلق معاملے پر حکومت اور پارٹی قیادت کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی کی صحت کے حوالے سے پی ٹی آئی قیادت اور اہلِ خانہ کو مکمل اعتماد میں لینے کی کوشش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کی رات دیر گئے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو خصوصی گاڑی کے ذریعے پارلیمنٹ ہاؤس لایا گیا، جہاں انہیں سرکاری معالجین اور بانی کے ذاتی ڈاکٹروں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بانی کی موجودہ صحت کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنما بانی کی صحت کے حوالے سے مطمئن نظر آئے۔ حکومت کی جانب سے یہ تجویز بھی دی گئی کہ اگر طبیعت مزید خراب ہونے کی صورت میں بانی کو اسپتال منتقل کرنا پڑا تو بیرسٹر گوہر کو ساتھ لے جایا جائے گا تاکہ شفافیت برقرار رہے۔

تاہم ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے پارٹی اراکین اور سوشل میڈیا کی ممکنہ تنقید کے پیش نظر اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے مطمئن ہونے کے بعد پارلیمنٹ لاجز اور خیبرپختونخوا ہاؤس میں جاری دھرنا ختم کر دیا گیا۔ بعد ازاں سلمان اکرم راجہ نے بانی کی صحت سے متعلق تمام تفصیلات ان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو بھی فراہم کیں۔

تاہم ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے فراہم کردہ تفصیلات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کے مطمئن نہ ہونے کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جاری دھرنا تاحال ختم نہیں کیا جا سکا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ علیمہ خان نے دھرنے کو سکرپٹڈ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر تنقید بھی کروائی، جس کے بعد سیاسی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں۔کراچی کی تاریخ کی ایک اور بڑی واردات! ملزمان 606 تولہ سونا اور ہیرے لے اڑے

متعلقہ خبریں