کراچی(اے بی این نیوز)کراچی کی تاریخ کی ایک اور بڑی واردات! ملزمان 606 تولہ سونا اور ہیرے لے اڑے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی تاریخ کی ایک اور بڑی چوری کی واردات سامنے آگئی، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے اقبال مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان نے معروف جیولر کی دکان کی دیوار توڑ کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور ہیرے لوٹ لیے۔
پولیس نے بتایا کہ واردات اقبال مارکیٹ میں قائم ایک جیولری شاپ پر کی گئی، جہاں سے ملزمان 606 تولہ سونا اور تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے لے اڑے۔ مجموعی طور پر لوٹے گئے مال کی مالیت تقریباً 30 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
متاثرہ جیولر ایوب خان نے اقبال مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرا دیا، مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ انہوں نے 12 تاریخ کو معمول کے مطابق دکان بند کی، جبکہ 14 تاریخ کو کاریگروں نے دکان کھولی تو لاکر اور باکس خالی پائے گئے۔
جیولر کا کہنا تھا کہ دکان کے عقب میں جا کر دیکھا تو دیوار ٹوٹی ہوئی تھی، ذاتی طور پر تیار کیا گیا 7 ہزار 64 گرام سونا غائب تھا، جبکہ کچھ ہیرے اور دیگر قیمتی سامان بھی چوری ہوا جس کی مالیت 25 لاکھ روپے بنتی ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں۔قومی ٹیم کے ٹی 20 اسکواڈ سے بڑے ناموں کی چھٹی کا امکان















