اسلام آباد(اے بی این نیوز)ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، زیریں خیبرپختونخوا اور تھل کے علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
صوبہ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، پشین، مسلم باغ، ژوب، زیارت، بارکھان، سبی اور قلات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ساحلی اضلاع کیچ، پنجگور، واشک، خاران، خضدار اور گوادر میں بھی طوفانی ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 فروری کو مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث سندھ بالخصوص کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور معمول سے تیز گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں آج رات سے بارش کا امکان ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہ سکتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق کرم، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش متوقع ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور 14، کراچی 22، پشاور 11، کوئٹہ 5، گلگت 6، مری 4 اور مظفرآباد میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں۔بنوں: تھانے کے گیٹ کے قریب دھماکا، 2 افراد جاں بحق















