اسلام آباد (اے بی این نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے پشاور سے اسلام آباد آنے والی مرکزی جی ٹی روڈ کو احتجاجاً بلاک کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔عینی شاہدین کے مطابق جی ٹی روڈ کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور دور دراز سے آنے والے مسافر گھنٹوں پھنسے رہے۔ بعض مقامات پر ایمبولینس اور دیگر ضروری گاڑیاں بھی ٹریفک میں رکی رہیں جس سے شہریوں میں تشویش پائی گئی۔
احتجاج کرنے والے کارکنان نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں پاکستان تحریک انصاف کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر مرکزی شاہراہ کو بند کر دیا جس سے دھواں پھیل گیا اور ماحول کشیدہ ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم آخری اطلاعات تک سڑک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی تھی۔
مزید پڑھیں :عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ , میڈیکل بورڈ تشکیل















