اہم خبریں

عمران خان کی آنکھ کی بینائی غفلت اور بدسلوکی کی وجہ سے متاثر ہوئی ,تحریک تحفظ آئین پاکستان

اسلام آباد (اے بی این نیوز)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں مصطفی نواز اور مشتاق احمد نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور پارلیمانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دروازے بند ہونے پر پارلیمنٹری رپورٹرز نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور یہ ملک کے جمہوری عمل کے لیے تشویشناک ہے۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور ملک کی صورتحال دیکھ کر ہر شہری کو اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں لاہور میں ایک صحافی کو ن لیگ کی حکومت نے سچی خبر دینے پر اٹھوا لیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں آزادی اظہار پر قدغنیں عائد کی جا رہی ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ایک آنکھ کی بینائی غفلت اور بدسلوکی کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے اور انہیں فوری طبی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بڑی جماعت کے سربراہ کو قیدی کی حیثیت میں مناسب علاج کے لیے تیار نہیں کیا جا رہا، جبکہ ایوان کے اندر دونوں اپوزیشن لیڈر محصور ہیں اور پارلیمنٹ لاجز کو تالے لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ کے پی ہاؤس میں بھی یہی صورتحال ہے۔

مصطفی نواز نے کہا کہ ایک صوبائی وزیر کا گریبان پھاڑا گیا، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ ملک کس سمت میں جا رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابقہ ادوار میں بھی جب ایسی صورتحال آئی تو اپوزیشن سراپا احتجاج رہی اور پارلیمنٹ کی توقیر کو بحال رکھنے کے لیے جدوجہد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بانی کسی صورت اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ان کی فیملی کو ان تک رسائی دی جانی چاہیے۔ احتجاج مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت بدل گیا ہے، جو کل حکمران تھے وہ آج نہیں، اس لیے معاملات کو اس نہج تک نہ لے جایا جائے کہ اپوزیشن کی سپیس ختم ہو اور حالات مزید خراب ہو جائیں، کیونکہ اس صورت میں کسی کے لیے بھی حالت قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں :عمران خان نے بیٹوں سے کہاان کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی ہے، نعیم حیدر پنجوتھہ

متعلقہ خبریں