لاہور (اے بی این نیوز)مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کے تحت اے ٹی ایم کارڈز کی ڈلیوری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے نگہبان اے ٹی ایم کارڈ کے اجراء پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مستحق خاندانوں کو باعزت اور آسان طریقے سے مالی معاونت فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق نگہبان پیکیج کے تحت صوبے بھر میں 40 لاکھ گھرانوں کو مجموعی طور پر 40 ارب روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لمبی قطاروں اور غیر ضروری مشقت کے بغیر امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ادائیگی کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف ہوگا تاکہ مستحق افراد کو بروقت اور باوقار انداز میں رقم مل سکے۔
مریم نواز نے بتایا کہ ہر تحصیل میں 160 خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں اے ٹی ایم کارڈ ایکٹی ویشن کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ رمضان المبارک میں کوئی خاندان خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ راشن کارڈ کے تحت مالی امداد 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہر تحصیل میں نگہبان دسترخوان قائم کیے جائیں گے جہاں روزانہ لاکھوں روزہ داروں کے لیے افطاری کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں :رمضان پیکیج کاافتتاح،13ہزار روپے فی خاندان کو ملیں گے،جا نئے کیسے ادائیگی کی جا ئے گی















