اسلام آباد ( اے بی این نیوز )ملک میں بجلی کی بچت اور توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے وزیراعظم کی جانب سے “پنکھا تبدیلی سکیم” کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ سکیم بینکوں کے تعاون سے تیار کی گئی ہے تاکہ پرانے اور غیر موثر پنکھوں کی جگہ توانائی بچانے والے جدید پنکھے فراہم کیے جا سکیں۔
وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آج پلاننگ کمیشن کے آڈیٹوریم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں سکیم کا باضابطہ آغاز کریں گے۔ تقریب میں بینکوں اور صنعت کے نمائندے، ماہرین اور دیگر متعلقہ افراد بھی شریک ہوں گے تاکہ سکیم کے نفاذ اور فوائد پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
دستاویز کے مطابق نئے پنکھے کی قیمت 6,669 روپے مقرر کی گئی ہے اور اچھی کارکردگی والے پنکھے 17 فیصد شرح سود پر دیے جائیں گے۔ صارفین رقم قسطوں میں ادا کر سکیں گے، جس میں ایک پنکھے پر 969 روپے سود ادا کرنا ہوگا اور یہ قسطیں بجلی کے بلوں میں شامل کی جائیں گی۔ پرانے پنکھے کی قیمت 1,800 روپے میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق ایک پنکھا 4,666 روپے کی بجلی بچت کرے گا اور مجموعی طور پر تین کروڑ صارفین کے پنکھے تبدیل کیے جائیں گے۔ اس سے ملک میں تقریباً 5,000 میگاواٹ بجلی کی بچت متوقع ہے، جو توانائی کے شعبے میں ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :ٹی 20 ورلڈ کپ،پاک بھارت ٹاکرا متاثر ہو نے کا خطرہ،جا نئے وجہ کیوں















