اہم خبریں

پاکستان تحریک انصاف کو دھچکا،اہم راہنما ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل

مظفر آباد ( اے بی این نیوز   ) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کو ایک بڑا سیاسی دھچکا پہنچا ہے۔ مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ کوٹلہ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سردار تبارک علی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی۔

شمولیتی تقریب میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینیئر امیر مقام نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور سردار تبارک علی کو مسلم لیگ ن کا مفلر پہنا کر باقاعدہ پارٹی میں شامل کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف، ایم این اے ملک ابرار، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پارلیمانی لیڈر راجہ فاروق حیدر، مشتاق منہاس، طارق فاروق، بیرسٹر افتخار گیلانی، نورین عارف سمیت دیگر رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے سردار تبارک علی کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن میں آنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کرے گی اور جماعت متحد ہو کر انتخابات میں حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والی جماعت مسلم لیگ ہے اور نواز شریف کے ادوار میں ملک کو استحکام ملا جبکہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان عالمی سطح پر نمایاں ہوا ہے۔ ان کے مطابق کشمیر کی آزادی اولین ترجیح ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور پارٹی نوجوان قیادت کو آگے لانے پر یقین رکھتی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سردار تبارک علی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت آزاد کشمیر کی انتخابی سیاست پر اثر انداز ہو سکتی ہے، خصوصاً حلقہ کوٹلہ میں مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں :اوکاڑہ سے خبر غم،جا نئے کتنا جانی نقصان ہوا

متعلقہ خبریں