باڑہ ( اے بی این نیوز )ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں سیاسی کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی جب باڑہ بازار میں عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی ہاتھاپائی اور جھگڑے میں بدل گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آگئے جس کے بعد باڑہ چوک میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کے دوران شدید نعرے بازی، دھکم پیل اور پتھراؤ بھی ہوا جس سے بازار میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دکانداروں نے فوری طور پر اپنی دکانیں بند کر دیں جبکہ شہری محفوظ مقامات کی طرف چلے گئے۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس اور سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق جھگڑے کی وجہ سیاسی اختلافات اور کارکنوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بتایا جا رہا ہے، تاہم حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، البتہ چند افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے پرامن رہنے اور افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے۔ علاقے میں کشیدگی کے باعث سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں :علیمہ خان اورعمران خان کے اہلخانہ کی جانب سے پیش کیا گیا بیانیہ دم توڑ گیا ، عطا تارڑ















