اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اپنے ایک بیان اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ عالمی میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان اور بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ کی جانب سے پیش کیا گیا بیانیہ دم توڑ گیا ہے اور جیل میں مبینہ بدسلوکی سے متعلق دعوے بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں۔
عطا تارڑ کے مطابق سرکاری رپورٹ نے جیل سے متعلق تمام حقائق واضح کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی روزمرہ روٹین اور ڈائٹ پلان سے متعلق پھیلایا گیا ابہام بھی دور ہو گیا ہے اور رپورٹ میں تمام تفصیلات شامل ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں اور انہیں عام قیدی سے زیادہ مراعات حاصل ہیں۔ ان کے بقول عالمی میڈیا میں پھیلایا گیا منفی پراپیگنڈا ناکامی سے دوچار ہو گیا ہے کیونکہ جیل میں حالات اور فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ نے اصل صورتحال سامنے رکھ دی ہے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، تاہم سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں رکھی گئی اور تمام انتظامات قواعد و ضوابط کے مطابق ہیں۔
مزید پڑھیں :کم عمری کی شادی کے خلاف اہم قانون سازی ،چائلڈ میرج آرڈیننس 2026 کی منظوری















