اسلام آباد (اے بی این نیوز )اسلامی جمہوریہ ایران کے اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار اور باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور ایران کے تاریخی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کا رشتہ مشترکہ تاریخ، زبان، ثقافت اور جغرافیے پر قائم ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور متحرک ہوا ہے۔ صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بھائی چارے کا یہ جذبہ آئندہ برسوں میں بھی فروغ پاتا رہے گا اور دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ پورے خطے کی خوشحالی، استحکام اور ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
صدر زرداری نے پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے لیے ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایرانی عوام کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ رہبرِ انقلاب کے لیے صحت و تندرستی کی دعا بھی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی ایران کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، بالخصوص اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دباؤ اور مختلف چیلنجز کے باوجود ایران نے ٹیکنالوجی، دفاع، سائنس اور معیشت کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔
ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں اور تنازعات کا حل مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے اسلامی انقلاب کو عوامی عزم، خودمختاری اور آزادی کی عظیم مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
تقریب میں پاک ایران تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزرا جام کمال خان، پیر سید عمران احمد شاہ اور قیصر احمد شیخ نے شرکت کی جبکہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ بھی تقریب میں موجود تھے۔
سابق چیئرمین سینیٹ سید نیر حسین بخاری، سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد، سابق گورنر خیبرپختونخوا غلام علی خان اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے بھی تقریب میں شرکت کی اور ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔
اراکین اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، پولین بلوچ، سحر کامران اور شائستہ خان جدون کے علاوہ سینیٹرز نور الحق قادری اور مشاہد حسین سید بھی تقریب میں شریک تھے۔ ممتاز علمائے کرام علامہ سید ساجد علی نقوی، مولانا طاہر اشرفی، علامہ افتخار حسین نقوی، علامہ امین شہیدی، علامہ شبیر احمد میثمی، علامہ حسنین عباس گردیزی اور علامہ اشفاق وحیدی نے شرکت کی جبکہ مولانا گلزار نعیمی نے امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔
تقریب میں سماجی شخصیات زمرد خان، جمال شاہ، ذیشان نقوی، خانم طیبہ بخاری اور عظمیٰ گل کے علاوہ مختلف ممالک کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر ایران کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔















