اہم خبریں

پاکستان کی خارجہ سفارتکاری میں اہم پیش رفت، نئی سفارتی تعیناتیاں مکمل

اسلام آباد (رضوان عباسی    ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی منظوری کے بعد پاکستان کی خارجہ سفارتکاری میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 19 سفیروں اور قونصل جنرلز کی نئی تعیناتیاں مکمل کر دی گئی ہیں۔ اس اقدام سے پاکستان کے عالمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور بین الاقوامی سطح پر قومی مفادات کو فروغ دینے کے مواقع پیدا ہوں گے۔بینکاک کے لیے سعدیہ الطاف قاضی سفیر مقرر کی گئیں جبکہ برلن کے لیے سلمان شریف بطور سفیر تعینات کیے گئے۔ دارالسلام میں حسنَین یوسف پاکستان کے نئے سفیر ہوں گے اور دوشنبے میں عرفان احمد بطور سفیر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ جنیوا کے لیے طاہر حسین اندرابی سفیر نامزد کیے گئے اور کمپالا میں اشعر شہزاد کو سفیر تعینات کیا گیا۔ کھٹمنڈو کے لیے محمد عامر خان بطور سفیر مقرر کیے گئے اور لندن میں چوہدری ٹیپو عثمان پاکستان کے نئے ہائی کمشنر ہوں گے۔ نیروبی میں ڈاکٹر بلال احمد سفیر مقرر کیے گئے جبکہ اوسلو کے لیے عاصم علی خان کو تعینات کیا گیا۔ اسٹاک ہوم میں احمد امجد علی نامزد کیے گئے اور تاشقند کے لیے محمد مدثر ٹیپو سفیر تعینات کیے گئے۔ تہران میں عمران احمد صدیقی بطور سفیر مقرر کیے گئے۔قونصل جنرل تعیناتیوں میں فرینکفرٹ کے لیے علی انصر زیدی قونصل جنرل، گوانگژو میں یاسر اقبال بٹ قونصل جنرل، قندھار کے لیے شہباز حسین قونصل جنرل، لاس اینجلس میں سراج احمد خان بطور قونصل جنرل، مزار شریف میں اویس احمد خان قونصل جنرل اور مونٹریال کے لیے فیصل عبرو قونصل جنرل مقرر کیے گئے۔وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ تعیناتیاں پاکستان کے سفارتی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے، اقتصادی اور تجارتی روابط کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر پاکستانی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام ہیں۔

مزید پڑھیں :کسی کو مار کر یا مجبور کر کے شکرگزاری یا رزلٹ لینا درست طریقہ نہیں،بیرسٹر علی ظفر

متعلقہ خبریں