اہم خبریں

اقتدار مستقل نہیں ہوتا،آج تمہاری کل ہماری باری ہوگی ، ہر ظلم کا حساب لیں گے،سہیل آفریدی

پشاور ( اے بی این نیوز   )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا،آج تمہاری کل ہماری باری ہوگی ، اور ہر ظلم کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جمرود کی اپلائیڈ سائنسز کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ جمرود کو جان بوجھ کر ترقی میں پیچھے رکھا گیا، اور اب خیبر پختونخوا میں تعلیم کے میدان میں نوجوانوں کو عالمی معیار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق انسانوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے اور نوجوانوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے، نہ کہ ہتھیاروں کے ذریعے۔

وزیراعلیٰ نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل میڈیا خیبر پختونخوا کے عوام کو اپنا نہیں سمجھتا اور مظالم نہیں دکھاتا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے تمام آئینی اقدامات کے باوجود اجازت نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے پرامن احتجاج قانونی دائرے میں ایک آپشن کے طور پر باقی رہتا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونا ہوگا اور عوام کے حقوق کی حفاظت ہر پالیسی کے خلاف کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ضم اضلاع کے تمام کالجز کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس کا اعلان کیا اور جمرود میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس اور سافٹ ویئر انجینئرنگ پروگرامز کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔

صوبائی حکومت جدید تعلیمی ماڈل کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق تعلیم اور مواقع فراہم کر رہی ہے، تاکہ فرسودہ نظام سے پیدا ہونے والی بے روزگاری کم کی جا سکے اور نوجوانوں کو مستقبل میں عالمی مقابلے کے لیے تیار کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں :انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات،طلبا کیلئے اچھی خبر،داخلہ جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع،جا نئے کب تک جمع کرا سکتے ہیں 

متعلقہ خبریں