اہم خبریں

بلوچستان کی تاریخ کو مسخ کیے بغیر صحیح سیاق و سباق میں سمجھنا ضروری ہے،سرفراز بگٹی

کوئٹہ ( اے بی این نیوز   ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے بلوچستان نے اس سرزمین کے لیے اپنا مقدس خون بہایا اور شہداء کے اہل خانہ کے غم میں وہ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ کسی کو بھی بندوق اٹھانے اور تشدد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

سرفراز بگٹی نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کو سیاسی معاملات یا الیکشن اصلاحات سے جوڑنے کی کوششیں غیرمناسب ہیں اور پروپیگنڈا مہم کے تحت ایک بیانیہ کھڑا کیا جا رہا ہے، جس سے نوجوانوں کو غلط سمت میں راغب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر متوازن ترقی یا محرومی کو دہشتگردی کے ساتھ نہیں جوڑا جا سکتا اور بلوچستان کی تاریخ کو مسخ کیے بغیر صحیح سیاق و سباق میں سمجھنا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف اقدامات صرف قانون اور آئینی دائرے میں قابل قبول ہیں اور ہر شہری کو ملک کے امن اور آئینی حدود کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور شعور دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف سب سے مضبوط ہتھیار ہیں اور بلوچ نوجوان، بزرگ اور خواتین اپنے علاقے کی حفاظت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن اور قانونی راستوں سے مسائل حل کریں اور سیاسی کشیدگی یا احتجاج کو عوام کے اعتماد اور صوبے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ نہ بننے دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر علاقے میں قانون اور انصاف کی بالادستی قائم رکھیں اور نوجوانوں کو ترقی اور تعلیم کے مواقع فراہم کریں تاکہ دہشتگردی کے خطرات کم ہوں۔

مزید پڑھیں :ٹی 20 ورلڈ کپ ، آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو شکست دے دی

متعلقہ خبریں