کوئٹہ ( اے بی این نیوز ) کوئٹہ میں بسنت کے رنگ اور خوشبوؤں کا تہوار لاہور کے بعد وادی میں پہنچ گیا ہے۔ شہر میں بسنت کی تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور 13 سے 15 فروری تک پتنگ بازی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی، موسیقی اور مقامی ثقافتی رنگ کو اجاگر کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
شہر میں پہلے ہی پتنگوں، ڈور اور بسنت سے متعلق اشیا کی فروخت شروع ہو گئی ہے، جس سے بازاروں میں گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے۔ دکانداروں کے مطابق گزشتہ چند روز میں پتنگوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ نوجوان طبقہ بسنت کے تہوار کو لے کر خاصا پرجوش نظر آ رہا ہے۔
کوئٹہ کے باسی محمد شعیب نے کہا کہ کوئٹہ جیسے شہر میں جہاں تفریحی مواقع محدود ہیں، بسنت جیسے ثقافتی تہوار نہ صرف عوام کے لیے خوشی کا باعث بنتے ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد کوئٹہ میں بسنت کا انعقاد شہر کے مثبت تشخص کو اجاگر کرے گا اور سیاحت کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب بعض شہریوں نے زور دیا ہے کہ بسنت کی تقریبات کو قانونی اور محفوظ دائرے میں رکھا جائے تاکہ ماضی کی تلخ یادیں دہرائی نہ جائیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اگر مناسب نگرانی اور ضابطہ اخلاق پر عمل کیا جائے تو بسنت ایک صحت مند اور خوشگوار تہوار بن سکتا ہے۔ 13 سے 15 فروری تک جاری رہنے والی بسنت کی تقریبات کوئٹہ میں ایک نئے ثقافتی باب کا آغاز ثابت ہو سکتی ہیں، جس سے شہریوں کو روزمرہ کے مسائل سے کچھ دیر کے لیے نجات اور خوشیوں کے رنگ میسر آئیں گے۔
مزید پڑھیں :خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا،قومی اسمبلی میں رپورٹ پیش















