اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ ترلائی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مسجد خدیجتہ الکبریٰ پہنچ کر سانحہ ترلائی میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے خاندانوں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے متاثرہ فیملیز کے ساتھ بیٹھ کر ان کا دکھ سنا، شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری، اراکینِ اسمبلی ملک ابرار اور انجم عقیل بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، جبکہ یوتھ پروگرام کے کوآرڈینیٹر ذیشان نقوی بھی وفد میں شامل تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع پوری قوم کا سانحہ ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ریاست پوری قوت کے ساتھ پرعزم ہے اور امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
متاثرہ خاندانوں نے وزیراعظم کی آمد اور اظہارِ ہمدردی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف کھڑی ہے اور ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں :پنجاب کی بیٹیاں کسی سے کم نہیں ہر میدان میں آگے ہیں،مریم نواز















