پشاور ( اے بی این نیوز )محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے تمام غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے لیے پرائیوٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی میں رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو جاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے طلبہ کو بورڈ امتحانات میں داخلہ نہیں دیا جائے گا، جبکہ بغیر رجسٹریشن کسی بھی نجی اسکول کے قیام یا آپریشن کی اجازت نہیں ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ کے تحت نجی اسکولوں کی رجسٹریشن قانونی طور پر لازم ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس وقت 11 ہزار 887 نجی اسکول رجسٹرڈ ہیں۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کی موجودگی کے باعث اسکول سے باہر بچوں کی درست تعداد کا تعین مشکل ہو رہا ہے۔ ایکٹ کے مطابق رجسٹریشن کے بغیر نہ تو نیا نجی اسکول کھولا جا سکتا ہے اور نہ ہی موجودہ اسکول چلایا جا سکتا ہے۔محکمہ تعلیم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی نظام کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کی متاثرہ آنکھ بارے مریم ریاض وٹو کا تشویشناک انکشاف،جا نئے کیا بتایا















